کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مارچ 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں پی ٹی آئی ارکان کیلئے3 ارب40 کروڑ کے فنڈزجاری کردیے، کراچی کیلئے مجموعی طور پر6 ارب 80 کروڑ فنڈز جاری کیے جائیں گے،

 یہ فنڈز ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کو اپنے حلقوں میں ترقیاتی کام کروانے کیلئے جاری کیے گئے ہیں۔ تحریکِ انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے ایم این ایز کو 3 ارب 40 کروڑ کے فنڈز ریلیز کر دیئے ہیں، ہر ایم پی اے کو بھی 3 کروڑ فی کس فنڈز دے رہے ہیں، یہ ایم پی ایز اپنے حلقے میں کے ایم سی کے ذریعے کام کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کام پی ڈبلیو ڈی کے تحت کرایا جا رہا ہے، ملیر میں گڈاپ، بن قاسم اور ابراہیم حیدری میں کام کرایا جا رہا ہے، وسطی میں نیو کراچی، گلبرگ، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد میں کام ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ گرین لائن منصوبہ وفاق مکمل کرے گا، لیاری ایکسپریس وے پر بسوں کو چلائیں گے اور اس پر بھاری ٹریفک کھول دیا جائے گا، البتہ ہیوی ٹریفک سے قبل لیاری ایکسپریس وے کو مضبوط بنایا جائے گا۔
کراچی کے منصوبوں میں اسد عمر اور علی زیدی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی نے کراچی کو کہیں کا نہیں چھوڑا، پیپلز پارٹی کی نالائقی بہت زیادہ ہے۔ خرم شیرزمان نے کورونا کے تدارک کیلئے حکومت سندھ کے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وفاق کی ہدایات پر عمل کررہی ہے جو کہ اچھی بات ہے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی تعمیر ترقی اور میگاپراجیکٹس کیلئے 164ارب روپے کا پیکج مختص کرنے کا عزم کیا تاکہ صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جاسکے